LIVE

تفتیش کیلئے لیجائے گئے اکثر فلسطینیوں کو مار دیا جاتا ہے، اسرائیلی قید سے رہا ڈاکٹر کا انکشاف

ویب ڈیسک
July 01, 2024
 

ڈاکٹر محمد ابوسلمیہ— فوٹو: رائٹرز

اسرائیلی جیل سے رہا ہونے والے غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ کا کہنا ہے کہ قید کے دوران پوچھ گچھ کے لیے لے جائے گئے بیشتر فلسطینیوں کو مار دیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی قید میں فلسطینیوں پر دن رات بہیمانہ تشدد ہوتا ہے، میرے سر پر ضربیں لگائی جاتی تھیں جس سے کئی بار میرے سر پر گہرے زخم آئے۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید ہزاروں فلسطینیوں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا ہے، قیدیوں کو بنیادی سہولتیں بھی حاصل نہیں ہیں۔ 

ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ نے کہا کہ اسرائیلی ڈاکٹر اور نرسیں بھی عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قیدیوں پر تشدد کرتے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ادارے فوری اسرائیلی جیلوں کا دورہ کریں اور قیدیوں کے مصائب ختم کروائیں۔ 

خیال رہے کہ اسرائیلی حکام نے سات ماہ پہلے گرفتار کیے گئے ڈاکٹر ابو سلمیہ سمیت 50 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو آج رہا کیا ہے۔