پاکستان
06 مئی ، 2012

لیاری آپریشن میں رینجرز کی شرکت معمہ بن کر رہ گئی

لیاری آپریشن میں رینجرز کی شرکت معمہ بن کر رہ گئی

کراچی… کراچی کے علاقے لیاری میں آٹھ روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد دوسرے مرحلے کی کارروائی کو حتمی شکل دی جارہی ہے، آئی جی سندھ مشتاق شاہ نے پہلے مرحلے کو سوئپ اینڈ سرچ ریڈ ایکشن ایکشن قراردیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ باقاعدہ آپریشن اب کیا جائے گا،لیکن رینجرز کے بریگیڈئیر وسیم ایوب کہتے ہیں کہ رینجرز کو آپریشن شروع کرنے کے احکامات نہیں ملے ہیں۔ لیاری کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد اور کینگ وار کے ملزمان کے خلاف سی آئی ڈی پولیس اور ایف سی کی جانب سے کئے جانے والا آپریشن آٹھ دن بعد وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے اعلان کے بعد روک دیا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد بجلی کی فراہمی، موبائل سروس کو بحال کرنا اورلیاری کے بے گناہ افراد تک راشن کی تقسیم اور ان کی ضروریات زندگی کو پورا کرنا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے فورس کو لیاری سے بلانے کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ مسلح ملزمان 48 گھنٹوں میں ہتھیار ڈال دیں ورنہ ان سے سختی سے نمٹا جائے گا،لیکن 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن بھی ختم ہونے والی ہے اور ابھی تک کسی بھی مشتبہ شخص نے نہ تو ہتھیار ڈالے ہیں اور نہ ہی خود کو پولیس یا رینجرز کے حوالے کیا ہے جبکہ لیاری آپریشن کے انچارج ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے بتایا کہ لیاری آپریشن اب چاہئے رینجرز کرے یا پولیس سی آئی ڈی کی جانب سے ٹارگٹڈ ایکشن کیا جاتا رہے گا انھوں نے کہاکہ لیاری سے سی آئی ڈی کا واپس آنا پسپائی نہیں بلکہ حکومت کی حکمت عملی ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر وسیم ایوب نے بتایا کہ لیاری میں آپریشن کے احکامات تاحال نہیں ملے،آپریشن کے لئے ڈیڈلائن پولیس نے خود دی تھی، پولیس کی اپنی حکمت عملی ہوگی، کمانڈنٹ سچل رینجرز وسیم ایوب نے کہا کہ اب پولیس کس حکمت عملی کے تحت لیاری میں آپریشن کریگی یہ معلوم نہیں، بریگیڈیئر وسیم ایوب نے کہا کہ اگر کوئی جرائم پیشہ شخص اپنے آپ کو ہمارے حوالے کریگا تو ہم اس کو بھی پولیس کے حوالے کردیں گے ،کیونکہ ایف آئی آر کاٹنے کا اختیار صرف پولیس کے پاس ہے۔ لیاری آپریشن میں سی آئی ڈی،ایف سی اور پولیس کی نفری نے جن مقامات کاکنٹرول سنبھالا تھاوہاں سے بھی نفری واپس آگئی ہے،اور اب رینجرز بھی آپریشن کے لیے احکامات کی منتظر دکھائی دے رہی ہے،لیکن گزشتہ روز سے لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی جانب سے اسنیپ چیکنگ اور گشت کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :