06 مئی ، 2012
کراچی … مسلم لیگ ن نے حکومت مخالف ریلیوں کا آغاز کردیا ، پہلے مرحلے میں ن لیگ نے کراچی، گوجرانوالہ اور پشاور میں گو گیلانی گو ریلیاں نکالیں، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، ریلیوں کے شرکاء نے وزیراعظم گیلانی سے فوری استعفے کا مطالبہ اور حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔کراچی میں مسلم لیگ نواز کی ریلی کی قیادت سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ نے کی ۔ کراچی پریس کلب پر مسلم لیگ یوتھ ونگ کے تحت ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر اعظم سپریم کورٹ کا حکم مانتے ہوئے عہدہ نہیں چھوڑیں گے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری والوں کو سمجھانے گیا تھا کہ اگر کوئی کیس ہے تو اس کا سامنا کریں، زیادتی نہیں ہونے دیں گے، لیاری کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے وہاں گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ جب تک وہ پیپلز پارٹی میں تھا اسے معتبر بنا کر امن کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا، جب اس نے حکمرانوں کے غلط کاموں سے انکار کیا تو کارروائی کردی۔ اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے رہنماء سلیم ضیاء، ماروی میمن، آصف خان اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ وزیر اعظم سپریم کورٹ کے احکامات نہیں مان رہے اور عوام کو ایسی حکومت قبول نہیں جو عدلیہ کے فیصلوں پر عمل نہ کرے۔ گوجرانوالہ میں بھی مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت اور وزیراعظم مخالف بینرز اٹھا رکھے تھے ، ریلی کے شرکاء نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے فوری طور پر استعفیٰ دینے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کی احتجاجی تحریک کے سلسلے میں پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں جلسہ منعقد کیا گیا جس سے خطاب میں مرکزی سینئر نائب صدر امیر مقام نے اعلان کیا کہ نواز شریف کی قیادت میں عوامی تحریک کرپٹ حکومت کی رخصتی تک جاری رہے گی۔ جلسے سے خطاب میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ موجودہ غیر آئینی حکومت کے ساتھ کوئی لین دین نہ کرے، مسلم لیگ اقتدار میں آکر ایسے معاہدوں کو ختم کردے گی۔