23 اکتوبر ، 2015
چنئی.........ویرات کوہلی کی سنچری نے بھارت کو جنوبی افریقا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں فتح دلادی۔ بھارت نے اس کامیابی کے ساتھ ہی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ 299رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 9کھلاڑیوں کے نقصان پر 264رنز اسکور کرسکی۔ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی سنچری بھی رائیگاں گئی۔ بھونیشور کمار نے3 اور ہربھجن سنگھ نے 2وکٹیں لیں۔ویرات کوہلی کو 138رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا مرد میدان قرار دیا گیا۔
چنئی میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ ویرات کوہلی کی سنچری کی بدولت بھارت نے 8وکٹوں پر 299 رنز بنائے۔ کوہلی نے 5 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 138کی اننگز کھیلی سریش رائنا53 اوراجنکیائے رہانے 45رنز بناسکے۔ ڈیل اسٹین اور ربادا نے 3،3شکار کئے اور کرس مورس نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز 9وکٹوں پر 264رنز بناسکی۔ اے بی ڈی ویلیئرز112 اور ڈی کاک43 رنز کے ساتھ نمایاں کھلاڑی رہے۔ سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ 25اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔