17 اپریل ، 2025
اسلام آباد میں اچانک ہونے والی ژالہ باری سے سابق کرکٹر عمر گل کا گھر بھی متاثر ہوا۔
گزشتہ روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی اور کئی علاقوں میں بڑے سائز کے اولے پڑے۔
شدید ژالہ باری کے باعث گاڑیوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز بھی گردش کررہی ہیں جس میں ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کو دکھایا جا رہا ہے، کوئی اپنی گاڑیوں تو کوئی سولر پینلز کے ٹوٹنے سمیت گھروں کی کھڑکیوں کو پہنچنے والے نقصان کا بتا رہا ہے۔
ایسے میں سابق کرکٹر عمر گل کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنے گھر کے باہر جمع اولوں کی موٹی تہہ کی ویڈیو شیئر کی۔
انسٹاگرام پر جاری اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمر گل اولوں کو اپنے گھر کے دروازے سے صاف کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ سابق کرکٹر نے اپنے گھر کے باہر کا منظر بھی دکھایا جہاں درخت کے پتے اولوں کی وجہ سے زمین پر ٹوٹ کر گرے ہوئے ہیں اور پوری سڑک نے سفید چادر اوڑھی ہوئی ہے۔
عمر گل نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں سب کیلئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا! یہ واقعی خوفناک تھا،اللہ ہم سب پر رحم کرے، آمین۔ دعا ہے کہ سب سلامت رہیں۔