24 مئی ، 2012
کراچی… کراچی میں لیاقت آباد کے علاقے الیاس گوٹھ میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک ہوئے،جبکہ تین ھٹی پر لانگ روٹ بس پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچ پاڑہ سے بس میں چڑھنے والے افراد کوتعاقب کرکے بس میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے میں قائم الیاس گوٹھ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے،مرنے والے دونوں افراد کو گولیاں ماری گئیں،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ جرائم پیشہ دو گروہوں کے درمیان جاری دشمنی کا نتیجہ ہے،جو مبینہ طور پر منشیات فروشی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ لیاقت آباد کے علاقے سی ون ایریا میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق تین ھٹی کے قریب کراچی سے حیدرآباد جانے والی لانگ روٹ کی مسافر بس میں بلوچ پاڑہ سے سوار ہونے والے دو نوجوانوں پر تعاقب کرنے والے ملزمان نے فائرنگ کردی،بس کنڈیکٹر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے بس پر باہر سے فائرنگ نہیں کی،بلکہ انھوں نے بس میں سوار دیگر مسافروں کو کچھ نہیں کہا اور صرف جو دو افراد بلوچ پاڑہ سے سوار ہوئے تھے، ملزمان نے صرف انھیں ہی نشانہ بنایا ہے،گولیاں لگنے سے ایک جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا،فائرنگ کے واقعات تھانہ جمشید کواٹر اور سپرمارکیٹ کی حدود میں پیش آئے ہیں۔