14 جون ، 2012
اسلام آباد… قومی احتساب بیورو نے کہاہے کہ صدر مسلم لیگ نون نوازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ الزامات کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرکے معاملہ نیب بورڈ کو بھیجا جارہا ہے جبکہ نیشنل لاجسٹک سیل اسکینڈل میں فوج سے شواہد کا تبادلہ کیا جارہا ہے ۔ نیب ترجمان نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں کہاکہ این ایل سی کیس میں نیب ٹیم معلومات تبادلہ کیلئے آئندہ ہفتے جی ایچ کیو جائے گی، اس کیس میں فوج سے ریکارڈ بھی لیا جائے گا،ترجمان نے بتایاکہ اسٹیل ملز کیس میں 26 ارب روپے کی بد عنوانی کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اس کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، ڈی ایچ اے ایشو کے شکایت کنندہ کرنل طارق کمال کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے، ڈی ایچ اے سے متعلق مزید ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے،انہون نے کہاکہ ابھی نہیں بتایاجاسکتا کہ بحریہ ٹاوٴن کے کتنے کیسز زیر تحقیقات ہیں، کیونکہ نیب آفسز ، راول پنڈی سے اسلام آباد منتقل ہورہے ہیں ، نوازشریف کیس سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہاکہ تحقیقاتی ٹیم نے کام مکمل کرلیا ہے، کیس نیب بورڈ کو بھیجا جائے گا، مزید تفصیلات اس کے بعد بتائیں گے، ترجمان نے کہاکہ نیب بورڈ کو کیس اس وقت بھیجا جاتا ہے جب اس میں کچھ ہو، ارسلان افتخار کیس سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہاکہ اگر یہی کیس نیب کو آیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔