14 جون ، 2012
اسلام آباد … آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غیاث پراچہ نے شکوہ کیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت نے وعدے کے مطابق سیس ٹیکس کی مخالفت نہیں کی جو لگ گیا۔ غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ سی این جی کو پیٹرول سے 40 فیصد سستا کرنے اور سی این جی کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے پر وزارت پیٹرولیم سے اتفاق ہو گیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور وزارت کے اعلیٰ حکام سے مذاکرات کے بعد نیوز کانفرنس میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غیاث پراچہ نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم، اے این پی اور ن لیگ نے سی این جی پر سیس ٹیکس کے بل کی مخالفت کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی،انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہوا ۔ غیاث پراچہ نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ سی این جی کی قیمت کو پیٹرول کی قیمت کے 60 فیصد کے برابر رکھنے کیلئے وزارت پیٹرولیم کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ کیا ہے، جس پر 16 جون سے عملدرآمد ہو گا۔ غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ اس سے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے میں مدد ملے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ سی این جی کی قیمتوں میں اب ہر 15 روز بعد پیٹرول کی قیمتوں کے ساتھ رد و بدل ہوا کرے گا۔ غیاث پراچہ نے مزید بتایا کہ وزارت پیٹرولیم سے یہ بھی طے پاگیا ہے کہ سوئی ناردرن کمپنی کے تمام سی این جی اسٹیشن کو لوڈ شیڈنگ میں 8گھنٹے کی کمی کردی گئی ہے ۔