25 ستمبر ، 2016
قیصر خان...فاٹا کے قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ممکنہ جارحیت کی صورت میں 2کروڑ قبائلی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،ملک کےلیےہرقربانی دینےکوتیارہیں۔
پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پشاور کے باغ ناران میں فاٹا گرینڈ الائنس اور قبائلی عمائدین کا مشترکہ جرگہ منعقد ہوا، جس میں فاٹا کے مختلف ایجنسیوں کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ فاٹا کہ عوام گلے شکوؤں کے باوجود بھارتی جارحیت کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا ہے قبائلی عمائدین نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں ہونے والی زیادتیوں پر آنکھیں بند نہ کرے، قبائلی عوام اپنے آباواجداد کی تاریخ دہرا کر مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کرائیں گے۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سالوں سے قبائلی عوام نے جان ومال کی قربانی د ے کر اپنے ملک کی بقا کی جنگ لڑی ہے، ضرورت پڑنے پر آگے بھی قربانی دے سکتے ہیں۔