20 جون ، 2012
لاہور… بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف گوجرنوالہ میں مشتعل افراد کا احتجاج، میر پور آزاد کشمیر اورضلع نوکوٹ میں ہڑتال، وہاڑی میں وکلا اور خانیوال میں عام شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گوجرانوالہ کے علاقے کنگلی والا میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بائی پاس پر میں جی ٹی روڈ بلاک کردیا ،مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور واپڈا آفس کا گھیراوٴ کرلیا۔ نوکوٹ،ڈگری اورجھڈو میں شہریوں نے ہڑتال کردی اور ٹائر جلا کر مین روڈ بلاک کردی،مشتعل شہریوں نے ریلی نکالی اور زبر دستی دکانیں بند کرادیں۔ آزادکشمیر میں میرپور، ڈڈیال ، بھمبر،سماہنی اور کوٹلی میں لوگوں نے ہڑتال کی اور احتجاجی مظاہرے کیے،مظاہرین نے ٹائر جلا کرمختلف شاہراہوں کو بلاک کردیا۔ برنالہ میں مسلم لیگ ن نے احتجاج کیا،مشتعل افراد نے محکمہ برقیات کے آفس اورگاڑی کو آگ لگادی۔ میانوالی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف انجمن تاجران کی اپیل پر چند گھنٹوں کی ہڑتال کی گئی اس دوران تمام بازار اور کاروباری ادارے بند رہے۔ چارسدہ میں تاجربرادری نے ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا یا۔تحصیل تنگی بازار میں تاجروں کی ہڑتال جاری ہے۔ خانیوال کے نواحی علاقے کچہ کھوہ میں حسینی چوک پر لوگوں نے احتجاج کیا جس سے ملتان لاہور موٹر وے بلاک ہوگیا۔ وہاڑی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے بار روم کے سامنے مظاہرہ کیا ۔