پاکستان
20 جون ، 2012

26 اپریل کو ہی وزیراعظم سے مستعفی ہونیکا مطالبہ کیا تھا، نواز شریف

26 اپریل کو ہی وزیراعظم سے مستعفی ہونیکا مطالبہ کیا تھا، نواز شریف

سوات … مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے ساتھ جو سلوک کیا اس کا نتیجہ دیکھ لیا، میں نے 26 اپریل کو ہی وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا، اگر زرداری صاحب عوام کی خدمت کرتے تو انہیں دعائیں ملتیں، قوم کا پیسا سپریم کورٹ نے واپس دلوایا، ہمیں 2009ء میں نااہل قرار دیا گیا لیکن ہم اپنے موٴقف پر ڈٹے رہے۔ سوات میں جلسہ عام سے خطا ب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سیاست کو عبادت سمجھتی ہے، مسلم لیگ (ن) اپنا کھویا ہوا مقام پھر واپس حاصل کرے گی، عوام کی حالت بدل دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میرے دور میں سیلاب آیا تھا تو روز سوات آیا کرتا تھا، سوات کے عوام پر جب برا وقت آیا تو ن لیگ ہی ان کی خدمت کرتی تھی، سوات سے ہمیں ووٹ نہیں ملا تھا پھر بھی ہم نے یہاں کے عوام کی خدمت کی۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ 90 دن میں پاکستان بدلنے کی باتیں کرنے والے جھوٹے ہیں، نوجوانوں کو ہائی جیک کرنے والے بھی میدان میں آگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حکومت حاجیوں کا پیسا بھی کھاجاتی ہے، زرداری اور گیلانی نے عوام کو 20، 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا تحفہ دیا، اگر زرداری صاحب عوام کی خدمت کرتے تو انہیں دعائیں ملتیں، مسلم لیگ ن عوام کی خدمت میں دن رات ایک کردے گی۔ سربراہ مسلم لیگ ن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2009ء میں نااہل قرار دیا گیا لیکن ہم اپنے موٴقف پر ڈٹے رہے، پیپلزپارٹی کو اس لئے ووٹ نہیں ملا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نہ مانیں، قوم کا پیسا سپریم کورٹ نے واپس دلوایا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب وزیراعظم کو سزا ملی تھی تو میں نے ان کے گھر جانے اور 26 اپریل کو ہی وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :