20 جون ، 2012
اسلام آباد … ق لیگ کے قائد چوہدری شجاعت حسین نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے نئے وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کے ساتھ ق لیگ کے ساتھ کئے گئے معاہدے بھی یاد دلائے۔ چوہدری شجاعت حسین نے ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان کے تحفظات سے صدر کو آگاہ کیا اور نئے وزیر اعظم اور کابینہ کے بارے میں مفصل مشاورت کی۔ دونوں رہنماوٴں نے عشائیہ کیا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے صدر مملکت کو بتایا کہ پنجاب میں ان کی جماعت کے ارکان پر حملے کرائے جارہے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے صدر مملکت کو بتایا کہ اگر ان کے فارمولے پر عمل کیا جائے تو ملک میں 5 ماہ کے اندر ہمیشہ کیلئے بجلی کا بحران ختم ہو سکتا ہے۔