پاکستان
31 جنوری ، 2012

کراچی : احتجاج کرنے والے اساتذہ پرپولیس تشدد،مستقلی کا حکم جاری

کراچی : احتجاج کرنے والے اساتذہ پرپولیس تشدد،مستقلی کا حکم جاری

کراچی …خورشید عباسی…آئی بی اے کے تحت ہونے والے ٹیسٹ میں کامیاب اساتذہ پر منگل کی شام پولیس نے اس وقت شدید لاٹھی چارج کیا جب یہ کنٹریکٹ اساتذہ اپنی ملازمت مستقل کرنے کے لیے کراچی پریس کلب پر احتجاج کرنے کے بعد گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب جانے لگے۔اس موقع پر پولیس نے احتجاج کرنے والے اساتذہ پر واٹر کینن کے ذریعے اس سردی کے موسم میں تیز دھار پانی پھینکا،اس موقع پر پولیس نے ان پر آنسو گیس پھینکی اور اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا ۔اس دوران پولیس نے 20کے قریب اساتذہ کو گرفتار کرلیا۔پولیس لاٹھی چارج کے دوران پریس کلب کے باہر کا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کررہا تھا،جابجا پانی پھیلاہوا تھا اور ایک احتجاج کرنے والا ٹیچر نیم بے ہوشی کی حالت میں پریس کلب کے عین سامنے زمین پر پڑا ہوا تھا۔اس دوران پولیس نے پریس کلب آنے والے راستے خار دار تاریں لگا کر بند کردیئے تھے،جبکہ شدید شیلنگ کے دوران کئی ایک شیل پریس کلب کے اندر بھی آکر گرے جس سے کلب میں محصور صحافی اور دیگر افراد کو سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑااور انھوں نے پولیس کے اس وحشیانہ انداز پرسخت احتجاج کیا۔دریں اثناء گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ان اساتذہ کو مستقل کرنے کے لیے فوری طور پر آرڈی نینس جاری کردیا ہے جس کے نتیجے میں 5800اساتذہ مستقل ہوجائینگے۔


مزید خبریں :