24 جون ، 2012
کراچی…صدر اے این پی سندھ شاہی سید نے کہا ہے کہ ہم باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے کا پرچار کرتے ہو ئے اصولوں کی سیاست کرتے ہیں ،کراچی کے علاقے کیماڑی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہو ئے سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ایم کیو ایم سے نہیں ہے ہم احمد شاہ ابدالی کے پیرو کار ہیں ۔ باچاخان نے انگریز سے مقابلہ کیا، پٹھانوں نے انگریز کا لال منہ کالا کر کے بھیجا ، ہماری تاریخ انگریز لکھ رہے ہیں ،قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ بندوق کی سوچ کو ختم کرو۔ ہمارا اتحاد پارٹی سے ہوتاہے اشخاص سے نہیں،اے این پی نے پی پی سے اتحاد مضبوط جمہوریت کیلئے کیاتھا۔اتحادی جماعت پی پی سے اپیل ہے کہ پختونوں سے امتیازی سلوک بندکیاجائے۔انہوں نے خطاب میں مزید کہا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ جائز بات پر بھی کوئی ہل جل نہیں ہوتی۔شاہی سید نے جلسے سے خطاب کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کے فیصلوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔