پاکستان
03 جون ، 2017

فاروق ستار کی 28 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

فاروق ستار کی 28 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی 28 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

ضمانت کی توثیق پر سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جون تک ملتوی کردی گئی۔

بائیس اگست 2016 ءکو ملک مخالف تقاریر، ہنگامہ آرائی اور اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری سے متعلق مقدمات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں میں پیش ہوئے۔

ملزم کی جانب سے مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے 9ماہ سے زائد عرصے تک غیر حاضر رہنے پر اظہار برہمی کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری سے لاعلم تھا جیسے ہی پتہ چلا عدالت پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے الزامات من گھڑت ہیں، مقدمات کا سامنا کرنا چاہتا ہوں، ضمانت منظور کی جائے،جس پر عدالت نے فاروق ستار کی 28 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے ضمانت میں توثیق کی درخواست پر سرکاری وکیل کو8 جون کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے عدالت آنے سے قبل ہی مقدمات سی کلاس ہونا شروع ہوچکے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے باعث شہری پریشانی میں مبتلا ہیں،ادارے کو اپنے نظام میں بہتری لانا ہوگی۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو اب وسائل اور اختیارات دینے ہوں گے تاکہ کراچی شہر کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزید خبریں :