دلچسپ و عجیب
08 جون ، 2017

چین نے سڑک پر چلنے والی خودکار ٹرین تیار کرلی

چین نے سڑک پر چلنے والی خودکار ٹرین تیار کرلی

حیران کن اور غیرمعمولی ایجادات میں چین دنیا بھر میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے اور ایک مرتبہ پھر چین نے دنیا میں اپنا لوہا منواتے ہوئے ایسی مسافر ٹرین تیار کرلی جو ڈرائیور کے بغیر سڑک پر چلے گی۔

مسافروں کو بہتر سے بہتر سہولیات دینے کے لئے چین کا ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نت نئے طریقے اختیار کرتا رہتا ہے اور اب چین نے ایسی مسافر ٹرین تیار کرلی ہے جو پٹریوں پر چلنے کے بجائے سڑک پر چلے گی اور اس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اسے چلانے کے لئے کسی ڈرائیور کی بھی ضرورت نہیں۔

چائنیز ریل ٹرانزٹ فرم سی آر آر سی کے مطابق ٹرین، بس اور ٹرام کی خصوصیت کی حامل یہ ٹرین مکمل طور پر بجلی پر چلے گی جسے "اسمارٹ بس" کا نام دیا گیا ہے اور ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

سی آر آر سی کا کہنا ہے کہ اسمارٹ بس کے پہلے ماڈل میں تین ڈبے رکھے گئے ہیں جس میں 300 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور مستقبل قریب میں مسافروں کی گنجائش کو 500 تک بڑھا دیا جائے گا۔

ٹرین نما اسمارٹ بس سڑک کے بیچوں بیچ لگائے گئے سفید نشانات پر چلے گی اور اس کے ارد گرد دیگر گاڑیوں کے راستے ہوں گے۔ سڑک پر لگائے جانے والے سفید نشانات میں سینسر موجود ہیں جو ٹرین کو کرنٹ فراہم کرتے ہیں جس کی مدد سے ٹرین ڈرائیور کے بغیر مقررہ راستے پر چلتی ہے جب کہ ٹرین میں ڈرائیور کی بھی جگہ رکھی گئی ہے لیکن وہ علامتی ہوگی۔

چینی میڈیا کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹرین زوزو شہر میں چلائی جائے گی اور الیکٹرک ٹرین کا پہلا آپریشن 2018 میں شروع کیا جائے گا۔

مزید خبریں :