01 اگست ، 2017
ملک کے اٹھارویں منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سیاسی کیرئیر 30 سال پر مشتمل ہے اور وہ اس عرصے کے دوران 6 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
58 سالہ شاہد خاقان عباسی نے 27 دسمبر 1958 کو کراچی میں ممتاز سیاستدان خاقان عباسی کے گھر آنکھ کھولی۔ شاہد خاقان عباسی شادی شدہ اور 3 بچوں کے باپ ہیں۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی کراچی سے حاصل کی اور لارنس کالج مری سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی اور اسی شعبے سے اپنے کیرئیر کا سفر شروع کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی وزیراعظم منتخب
شاہد خاقان عباسی نے 1985 میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے امریکا میں مختلف پوزیشن پر کام کیا اور سعودی عرب میں بھی آئل اینڈ گیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے 1988 میں والد کے انتقال کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور اسی سال مری کے حلقہ این اے 50 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 30 سالہ سیاسی کیرئیر میں وہ 6 مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
1990 کے انتخاب میں انہوں نے عوامی جمہوری اتحاد کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے دفاع بنے جس کے بعد 1993 کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر این اے 50 سے ہی تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے اور قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
1997 کے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پی آئی اے کے چیرمین بھی رہے جب کہ مشرف دور حکومت میں 2 سال جیل میں رہے جس کے بعد عدالت نے انہیں 2001 میں بری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جمہوریت کا عمل آج دوبارہ پٹڑی پر چل پڑا ہے، وزیراعظم
2002 کے عام انتخابات میں شاہد خاقان عباسی کو پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن 2008 کے الیکشن میں وہ پانچویں مرتبہ کامیاب ہوئے اور مخلوط حکومت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وفاقی وزیر تجارت کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی کابینہ میں شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر پیٹرولیم خدمات انجام دیں اور اس دوران انہوں نے ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کے لیے ایل این جی بھی متعارف کرائی۔
نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نجی ایئر لائن ایئر بلیو کے مالک بھی ہیں۔