28 اگست ، 2017
اسلام آباد: چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کا کہنا ہےکہ پاناما کیس فیصلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کریں گے۔
پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تیاری شروع کردی ہے جس کے لیے کئی بار شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو طلب کیا گیا لیکن شریف خاندان اور اسحاق ڈار نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا۔
آج چیرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اسلام آباد میں نیب کے نئے ہیڈ کوارٹر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔
چیرمین نیب کا پاناما کیس سے متعلق کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور معاشرے کو مل کر کرپشن کے ناسور کو ختم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں نیب کی نئی کثیر المنزلہ عمارت جدید سہولیات سے آراستہ ہے، پی سی ون کے مطابق بلڈنگ کا تخمینہ 50 کروڑ روپے لگایا گیا تھا تاہم اس پر ایک ارب 70 کروڑ روپے خرچ آیا۔
نئی بلڈنگ میں ملزمان کے لیے حوالات بنائی گئی ہے اور اہم کیسز میں ملوث ملزمان کے لیے انویسٹی گیشن سیل بھی قائم ہیں جب کہ نئی بلڈنگ میں پولیس اسٹیشن بھی قائم ہے۔
افتتاح کے بعد چیرمین نیب کا کہنا تھا کہ 18 سال سے نیب ہیڈکوارٹرز کے پاس اپنی عمارت ہی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار نے پاناما کیس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیلیں دائر کررکھی ہیں اور اپیلوں پر فیصلے تک نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا ہے۔