29 اگست ، 2017
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آئندہ ماہ منعقدہ 'انڈی پینڈنس کپ' ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر سر رچی رچرڈسن میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
پاکستان الیون اور ورلڈ الیون ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز 12 ستمبر سے شروع ہوگی جس میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور لیجنڈر کرکٹر سر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کردیا گیا ہے۔
سر رچی رچرڈسن تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پاکستان الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کو پی سی بی کی جانب سے انڈی پینڈنس کپ کا نام دیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں 14 رکنی ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی جب کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان الیون 7 ستمبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس شروع کردے گی۔
ورلڈ الیون کے خلاف قومی اسکواڈ احمد شہزاد، فخر زمان، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، محمد نواز، عثمان شنواری، شاداب خان، عمر امین، عامر یامین اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔
فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔