Time 01 ستمبر ، 2017
کھیل

پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون: پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت

انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں اور بہت جلد ورلڈ الیون ٹیم پاکستان کی سرزمین پر ہوگی لیکن اس سے قبل پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی شروع ہوگئی۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 'انڈی پنڈنس کپ' کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

طویل عرصے بعد ملک میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لئے شائقین کرکٹ بے تاب ہیں اور 12 ستمبر کو کھیلے جانے والے پہلے میچ کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

میچ کے لیے ٹکٹس 500 روپے سے 8 ہزار روپے تک کی مالیت کے ہیں جس کے لئے اسٹیڈیم کو جنرل اسٹینڈ، پریمیم انکلوژر، فرسٹ کلاس، وی آئی پی اور وی وی آئی پی میں تقسیم کیا گیا ہے۔

وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر کو وی وی آئی پی قرار دیا گیا ہے جس کی ایک ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار روپے ہے۔

سب سے کم ٹکٹ جنرل اسٹینڈ کی ہے اور 500 روپے میں جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ حاصل کیا جاسکتا ہے جب کہ پریمیم انکلوژر کا ٹکٹ 2500 روپے، فرسٹ کلاس کا ٹکٹ 4 ہزار اور وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ 6 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔ 

جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم احمد شہزاد، فخر زمان، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، محمد نواز، عثمان شنواری، شاداب خان، عمر امین، عامر یامین اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور لیجنڈر کرکٹر سر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کردیا گیا ہے۔سر رچی رچرڈسن تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 14 ستمبر کو ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر تین سابق کپتانوں مصباح الحق، یونس خان اور شاہد آفریدی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا تھا جو اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

شاہد آفریدی اور یونس خان نے تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی تھی تاہم مصباح الحق کی دستیابی بھی اب تک سامنے نہ آسکی۔


مزید خبریں :