Time 04 ستمبر ، 2017
پاکستان

کراچی میں پولیس کی کارروائیاں: فوج اور ملالہ پر حملوں کے ملزم سمیت 4 ہلاک

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں جب کہ صدف سوسائٹی میں پولیس سے مقابلے میں پاک فوج اور ملالہ یوسفزئی پر حملے کے ملزم سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور آج صبح سے ہی شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق سچل کے علاقے صدف سوسائٹی کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر پولیس نے کارروائی کی جس کے دوران علاقے کا محاصرہ کیا تو گھر میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں میں مطلوب دہشت گرد مولوی فضل اللہ کا کزن خورشید بھی شامل ہے۔

راؤ انوار کے مطابق دہشت گرد خورشید پاک فوج اور نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی پر حملے کا ملزم بھی ہے جب کہ دہشت گرد خورشید قائد آباد پولیس پر بم حملے میں بھی ملوث تھا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس مقابلے میں مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات سے ہے۔

اس سے قبل پولیس نے سہراب گوٹھ کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق پولیس مقابلے کے دوران گھر میں موجود دہشت گرد عبدالکریم سروش صدیقی زخمی حالت میں فرار ہوگیا تاہم ملزم کے والد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مفرور دہشت گرد عبدالکریم سروش صدیقی کی فائل فوٹو

ایس ایس پی ملیر کے مطابق عبدالکریم سروش ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اورکالعدم انصار الشریعہ کا کمانڈر ہے۔ 

راؤ انوار کا کہنا ہے کہ فرار دہشت گرد سروش صدیقی جامعہ کراچی میں اپلائیڈ فزکس کا طالب علم تھا اور اس کے والد سجاد صدیقی ریٹائرڈ پروفیسر ہیں۔

پولیس نے سروش صدیقی کی گرفتاری کے لئے خفیہ اطلاع پر سچل کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں ایک گھر کا محاصرہ کیا جہاں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ 

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق فرار دہشت گرد عبدالکریم سروش کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں اور شہری اس نمبر پر 03002023318 دہشت گرد سے متعلق معلومات دے سکتے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے دہشت گرد عبدالکریم سروش صدیقی کے والد کی اطلاع پر ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد میں کارروائی کی جہاں سے انصارالشریعہ کے کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 2 ستمبر کو کراچی کے علاقے بفرزون میں نماز عید کے بعد گھر واپسی پر دہشت گردوں نے خواجہ اظہار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :