07 ستمبر ، 2017
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کی جانب سے سنایا گیا بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کی راولپنڈی بنچ میں چیلنج کردیا گیا۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کے وکیل نے فیصلہ چیلنج کیا جنہیں گذشتہ روز فیصلہ کی نقول حاصل ہوئی تھیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 31 اگست کو 10 سال بعد بے نظیر قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں 5 ملزمان کو بری اور جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ سابق پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کو 17، 17 سال کی سزا کا حکم دیا گیا۔
سابق وزیراعظم کے بچوں نے اپنی والدہ کے قتل کیس کا فیصلہ ناقابل قبول قرار دیا تھا۔
عدالتی فیصلے پر بلاول، آصفہ اور بختاور بھٹو زرداری نے اپنے رد عمل کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
پیپلزپارٹی کے چیرمین اور شہید بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے۔
خیال رہے کہ 27 دسمبر2007ء کو لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کے بعد روانگی پر لیاقت باغ چوک میں خود کش حملے کے نتیجے میں بے نظیر بھٹو شہید ہوگئی تھیں۔