مسلم لیگ ن نے پارٹی صدر کے الیکشن کے لیے سرگرمیاں تیز کر دیں

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے پارٹی صدر کے الیکشن کے حوالے سے سرگرمیاں تیز کردی ہیں جس کے تحت تین اکتوبر کو پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں تبدیلی کے بعد صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا جبکہ امکان ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ کوئی بھی امیدوار کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس کے 2 اکتوبر کے ایجنڈے میں الیکشن بل 2017 شامل ہو گا جبکہ اسی روز اس کی منظوری لے لی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صدر مملکت ممنون حسین قومی اسمبلی سے منظوری کے فوری بعد بل کی توثیق کر دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سینیٹ نے قومی اسمبلی سے منظور شدہ انتخابی اصلاحات کا بل اعتزاز احسن کی ترمیم کو مسترد کرکے منظور کرلیا جس کے بعد نوازشریف کے پارٹی سربراہ بننے کے لیے راہ ہموار ہوگئی تھی۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے کلاز 203 میں ترمیم اعتزاز احسن نے پیش کی یہ وہ شق تھی کہ جس کے مطابق اگر کوئی امیدوار ایم این اے نہیں بن سکتا تو پارٹی سربراہ بھی نہیں بن سکتا۔

انتخابی اصلاحات بل کے مطابق کسی شہری کو سیاسی جماعت سے وابستگی کا اختیار ہوگا، شہری جوسرکاری ملازمت میں نہ ہو، اسے اختیارہوگا کہ کوئی سیاسی جماعت بنائے۔ 

مزید خبریں :