دنیا
Time 28 اکتوبر ، 2017

کاتالونیا کی پارلیمنٹ تحلیل، اسپین نے براہ راست کنٹرول حاصل کر لیا

اسپین نے 40 سالوں میں پہلی بار کاتالونیا کی پارلیمنٹ تحلیل کر کے اس علاقے کا براہ راست کنٹرول حاصل کر لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بارسلونا میں واقع کاتالونیا کی پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے اسپین سے آزادی کی قرارداد منظور کی تھی جس کے جواب میں اسپین کی سینیٹ نے بھی کاتالونیا پر براہ راست کنٹرول کی منظوری دی تھی۔

گزشتہ روز کاتالونیا کی پارلیمنٹ کی جانب سے اسپین سے علیحدگی کی منظوری کے فوری بعد اسپین کے وزیراعظم ماریانو راجوائے نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بہت جلد اسپین میں قانون کی عملداری بحال ہو جائے گی۔

اسپین کی مرکزی حکومت نے کاتالونیا کی علاقائی حکومت کو ختم کر کے لوکل پولیس کے سربراہ کو نوکری سے فارغ کر دیا۔ اس کے علاوہ کاتالونیا حکومت کی بین الاقوامی کو بھی جلد بند کر دیا جائے گا۔

اسپین کے وزیراعظم ماریانو راجوئے نے اپنے بیان میں کاتالونیا کے صدر کارلوس پوگیمویٹ اور ان کی کابینہ کے اراکین پر مشتمل پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے 21 دسمبر کو علاقائی انتخابات کرانے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں نے کاتالونیا میں جمہوریت کی بحالی کے لیے آزادانہ، شفاف اور جلد انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اسپین کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ایسی صورت حال بالکل بھی نہیں چاہتے تھے بلکہ ہم نے ہمیشہ کہا کہ یہ سب کچھ علاقائی خود مختاری ختم کرنے کے لیے نہیں بلکہ اسے بحال کرنے کے لیے ہے۔

ہسپانوی حکومت کی جانب سے پوگیمویٹ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بھی دائر کیا جائے گا جس میں انہیں کم از کم 30 سال تک جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب کاتالونیا کی بڑی تنظیموں کی جانب سے پیر سے 10 روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے جب کہ علاقے کے 2 لاکھ کے قریب سرکاری ملازمین پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ میڈرڈ سے کسی قسم کے احکامات قبول نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :