07 نومبر ، 2017
ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہے جس کے نتیجے میں آج بھی پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
آلودہ دھند اور اسموگ نے سفری مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور حد نگاہ کم ہونےسے ٹریفک حادثات بھی معمول بن گئے ہیں۔
فیصل آباد میں دھند کی وجہ سے2 مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے،گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دھند کی وجہ سےٹرک نجی کالج کی بس سے ٹکرا گیا اور حادثے میں 4 طالبعلم معمولی زخمی ہوگئے۔
جھنگ میں چنیوٹ روڈ پر دھند کے باعث ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر سےخاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جب کہ بہاولپور میں اسموگ کی وجہ سے گاڑی کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی۔
راجن پور،گجرات، کمالیہ، چیچہ وطنی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت بیشتر شہروں میں دھند اور اسموگ کی وجہ سےٹریفک حادثات میں 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
رات کو حدنگاہ صفر ہونے پر موٹروے کے ایم ٹو اور ایم تھری حصےٹریفک کے کلیے بند کر نا پڑے، قومی شاہراؤں پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔
دھند اور اسموگ سے لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی بُری طرح متاثرہوا اور 10 انٹرنیشنل پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہوئی جب کہ اندرون ملک پروازیں بھی متاثر رہیں۔
ملتان میں بھی موسم کی خرابی کے باعث 4 پروازیں منسوخ ہوگئیں، فیصل آباد ائیرپورٹ پر بھی کئی پروازیں منسوخ جب کہ ملک بھر سے آنے والی تمام ٹرینیں بھی تاخیر کا شکارہیں۔
ادھر خیبرپختونخوا کے شہر بنوں اور گردونواح میں بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہےکہ رواں ہفتے کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور، ڈیرہ اسمعٰیل خان اور سکھر ڈویژن میں دھنداوراسموگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تاہم اگلے ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کاامکان ہے جس سے دھند کی شدت میں کمی آسکتی ہے۔