پی ایس ایل تھری کا شیڈول جاری، اگلے برس 22 فروری سے آغاز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈرافٹنگ سے ایک گھنٹے پہلے فرنچائز مالکان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا شیڈول دے دیا، جس کے مطابق آئندہ سال ٹورنامنٹ 22 فروری سے شروع ہوگا۔

افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔

واضح رہے کہ فرنچائز مالکان نے ڈرافٹ سے قبل شیڈول کا اعلان نہ کرنے پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچ پاکستان میں ہوں گے، ابتدا میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 8 میچ پاکستان میں کرانے کی خوش خبری سنائی تھی۔

قذافی اسٹیڈیم دونوں سیمی فائنلز اور کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرے گا۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ان میں شین واٹسن ،کرس لین اور جے پی ڈومینی شامل ہیں۔

چند غیر ملکی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ بعد میں پاکستان جانے کے بارے میں تصدیق کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گروپ اسٹیج متحدہ عرب امارات ہوگا، ناک آؤٹ مرحلے کے میچ بھی پاکستان میں ہوں گے، جبکہ فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو ہوگا۔

پیر (13 نومبر)کو لاہور میں پی ایس ایل مالکان کی پاکستان کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات ہوگی جس میں شیڈول اور دیگر تحفظات پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے کے لیے پی ایس ایل کا آغاز دو ہفتے کی تاخیر سے ہورہا ہے۔

اس ماہ ملتوی ہونے والی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ سیریز آئندہ سال مارچ میں ہوگی اور دونوں ٹیمیں 29، 31 مارچ اور یکم اپریل کو لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے رواں ماہ کے آخر میں لاہور آنا تھا لیکن دھند کی وجہ سے سیریز ملتوی کردی گئی، اب تینوں میچ پاکستان سپر لیگ کے بعد اور آئی پی ایل سے پہلے ہوں گے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے گذشتہ سال کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے دو ابھرتے ہوئےکھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ کھلاڑی ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے۔انہیں ٹیم کے ساتھ رکھ کر بلوچستان کے ٹیلنٹ کو گروم کیا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ  کی فرنچائز لاہور قلندر سے شہرت حاصل کرنے والے دو نوجوان کھلاڑی سیف بدر اور محمد عرفان جونیئر کو دوسری ٹیموں نے لے لیا ہے۔سیف بدر ملتان سلطان کا حصہ ہیں جبکہ عرفان جونئیر کراچی کنگز کا حصہ ہیں۔

کوئٹہ کے چیئرمین ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے اوپنر لوئیس ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم میں مصروفیات کی وجہ سے کوئی میچ نہیں کھیل سکیں گے جبکہ افغانستان کے اسپنر راشد خان تین میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔

گذشتہ سال سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے اعظم خان پاکستان انڈر 19 ٹیم میں منتخب ہوگئے تھے لیکن پاسپورٹ تنازع پر عمر کی غلطی کی وجہ سے وہ ٹیم کے ساتھ سری لنکا کا دورہ  نہ کرسکے۔ دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے شہرت رکھنے والے اعظم خان پاکستان سپر لیگ کی سپلیمنٹری کٹیگری میں شامل ہوئے ہیں۔

اعظم خان کوملتان نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وسیم اکرم نے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا، لہذاکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے معین خان کے بیٹے اعظم خان کو منتخب کیا ہے، جو ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں۔واضح رہے کہ معین خان کوئٹہ کے ہیڈ کوچ ہیں۔

پی ایس ایل ٹیموں نے گزشتہ ایڈیشن کے اپنے کھلاڑیوں میں سے 9 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ موجودہ ڈرافٹس کے دوران پلاٹینیئم، ڈائمنڈ اور گولڈ کی کیٹیگری میں ایک ایک سلور اور ایمرجنگ کیٹیگری سے 2، 2 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :