پاکستان
Time 16 نومبر ، 2017

تربت میں فائرنگ سے جاں بحق 15 افراد کی میتیں پنجاب روانہ

تربت میں فائرنگ سے جاں بحق 15 افراد کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے پنجاب روانہ کردی گئیں۔ 

گزشتہ روز بلیدہ سے ملنے والی 15 افراد کی نمازہ جنازہ تربت میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری، صوبائی وزرا اور سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ 

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد قومی پرچم میں لپٹی میتوں کو خصوصی سی 130 طیارے کے ذریعے پنجاب روانہ کر دی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تربت میں قتل کیے گئے 15 میں سے 4 افراد کی تاحال شناخت نہ ہوسکی جن کی شناخت کے لئے تصاویر پنجاب حکومت کو بھجوا دی ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع تربت سے 30 کلو میٹر دور بلیدہ کے پہاڑی علاقے سے  گزشتہ روز 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جن کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔

شناخت کی جانے والی لاشوں میں محمد حسین کا تعلق واہ کینٹ، اظہر وقاص، خرم شہزاد اور ذوالفقار کا تعلق منڈی بہاؤالدین، غلام ربانی اور احسن رضا کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔

ذرائع کے مطابق دیگر مقتولین میں سے سیف اللہ کا تعلق گجرات، محمد الیاس کا ڈسکہ سیالکوٹ، عبدالغفور اور طیب کا تعلق بھی سیالکوٹ سے ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق قتل کیے جانے والے افراد وہ ہیں جو غیر قانونی طور پر یہاں سے ایران کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں، دوسری جانب جس علاقے سے لاشیں ملیں، یہ وہی روٹ ہے جو غیر قانونی طور پر ایران جانے والے افراد استعمال کرتے ہیں۔

مزید خبریں :