Time 04 دسمبر ، 2017
پاکستان

پاکستان کے سلمان صوفی وائس آف سولڈیریٹی ایوارڈ 2017 کیلئے منتخب

 امریکی ادارہ، خواتین کے تحفظ کے لیے دنیا بھر سے منتخب 5 شخصیات کو انعام دیتا ہے—۔فائل فوٹو/اے ایف پی

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے کاوشوں کا عالمی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کے سلمان صوفی کو وائس آف سولیڈیریٹی 2017 ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

ترجمان پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی آج نیویارک میں ہیلری کلنٹن سے ایوارڈ وصول کریں گے۔

ترجمان پنجاب حکومت کےمطابق صوبائی حکومت نے پنجاب میں خواتین کے لیے دادرسی مراکز قائم کیے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ادارہ، خواتین کے تحفظ کے لیے دنیا بھر سے منتخب 5 شخصیات کو انعام دیتا ہے۔

وائس آف سولیڈیریٹی، وائٹل وائسز گلوبل پارٹنرشپ کی جانب سے دیا جانے والا اعزاز ہے، جو ان مردوں کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے لڑکیوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا۔

اس کی چیئرپرسن ہیلری کلنٹن ہیں جبکہ ایوارڈ کی تقریب آج آئی اے سی ہیڈکوارٹر، نیو یارک سٹی میں ہوگی۔

سلمان صوفی وزیراعلیٰ پنجاب کے اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہیں—۔یوٹیوب ویڈیو اسکرین گریب

اس سال ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے والوں میں پاکستان کے سلمان صوفی بھی شامل ہیں۔

سلمان صوفی وزیراعلیٰ پنجاب کے اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہیں، جو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ایک ٹھنک ٹینک کے طور پر کام کرتا ہے۔

2014 سے سلمان صوفی نے پنجاب میں 30 گراؤنڈ بریکنگ اصلاحات متعارف کروائیں اور ان پر عملدرآمد کروایا، انہوں نے پنجاب میں تحفظ نسواں ایکٹ برائے 2016 کی قانون سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا جس کے بعد پنجاب میں وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر (وی اے ڈبلیو سی) کا قیام بھی عمل میں آیا، جہاں خواتین کو ہر طرح کی مدد و معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

2016-17 میں سلمان صوفی نے یونیورسٹی آف شکاگو لاء اسکول میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کلینک میں کام کیا، تاکہ وی اے ڈبلیو سی میں کام کے طریقہ کار کو انٹرنیشنل ہیومن رائٹس اسٹینڈرز سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔



مزید خبریں :