Time 04 دسمبر ، 2017
کھیل

اسپاٹ فکسنگ کیس: ناصر جمشید پر 6 ماہ سے ایک سال تک پابندی لگنے کا امکان

— فوٹو:فائل

لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میں مبینہ ملوث قومی کرکٹر ناصر جمشید پر 6 ماہ سے ایک سال تک کی پابندی لگنے کا امکان ہے۔

پی سی بی کا اینٹی کرپشن ٹریبونل اسپاٹ فکسنگ کیس میں فاسٹ بولر محمد عرفان، شرجیل خان اور خالد لطیف کو سزائیں سنا چکا ہے جب کہ محمد عرفان اپنی سزا پوری کرکے کرکٹ میں واپسی بھی کرچکے ہیں۔

جیونیوز کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کے ایک اور کردار ناصر جمشید کے کیس کا فیصلہ اسی ہفتے سنایا جائے گا۔

پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے 24 نومبر کو کرکٹر ناصر جمشید کے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹریبونل کی جانب سے ناصرجمشید پر6 ماہ سے ایک سال کی پابندی لگنےکاامکان ہے۔

ناصر جمشید پر عدم تعاون اور معلومات فراہم نہ کرنےکا الزام ہے لیکن ان کے وکلا نے ٹریبونل کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان، محمد عرفان، خالد لطیف، ناصر جمشید اور سلمان بٹ کو معطل کیا گیا تھا۔


مزید خبریں :