03 فروری ، 2012
دبئی…دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش بالرز کی تباہ کن بالنگ کے باعث پاکستان ٹیم کو مشکلات کا شکار ہے، اور کھانے کے وقفے پرصرف53رنز پر7وکٹیں گرچکی ہیں۔ اسد شفیق 24 اور سعید اجمل ایک رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔دبئی میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب پہلے ہی اوور میں توفیق عمر بغیر کوئی رن بنائے جیمس اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پھر تو جیسے لائن لگ گئی اور وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرنے لگیں۔اظہر علی نے صرف ایک رن بناکر پویلین کی راہ لی، انہیں کرس براڈ نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔ یونس خان بھی چار رنز کے انفرادی اسکور پر کرس براڈ کا نشانہ بنے۔ محمد حفیظ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ بھی براڈ کے حصے میں آئی۔ مصباالحق صرف ایک بناسکے، انہیں اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔عدنان اکمل 6 اور عبدالرحمان ایک رن بناسکے ۔ایک موقع پر صرف 21 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔صرف محمد حفیظ اور اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکورنہ کرسکا۔ کرس براڈ نے 4 ، جیمس اینڈرسن نے دو اور سوان نے ایک وکٹ حاصل کی۔تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔