Time 12 دسمبر ، 2017
پاکستان

فاٹا اصلاحات: متحدہ اپوزیشن نے حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنادی

اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے فاٹا اصلاحات کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فاٹا اصلاحات کے بل پر اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے اور اس حوالے سے دونوں جانب سے ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

گزشتہ روزقومی اسمبلی کے ایجنڈے سے فاٹا اصلاحات کا بل نکالنے پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

جیونیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی سربراہی میں اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں فاٹا اصلاحات کے معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کی کمیٹی کے سربراہ خورشید شاہ ہوں گے جب کہ اس میں پیپلزپارٹی سے فرحت اللہ بابرہ، اعجاز جاکھرانی، جماعت اسلامی کے سراج الحق، صاحبزادہ طارق اللہ، ایم کیوایم پاکستان کے شیخ صلاح الدین، میاں عتیق اور فاٹا کے شاہ جی گل آفریدی شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے ابھی اس کمیٹی کے لیے اپنے دو نمائندوں کے نام دینا ہیں۔

اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہےکہ فاٹا اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن یک زبان ہوگی، کمیٹی حکومت سے بات چیت کرے گی اور اس معاملے کو مل جل کر حل کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ حکومت کی جانب سے فاٹا میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے دائرہ کار کے لیے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جب کہ وفاق کے زیر انتظام علاقے میں پولیس چوکیاں بھی بنائی جائیں گی۔

علاوہ ازیں فاٹا اصلاحات بل کے معاملے پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی بھی لانگ مارچ کررہی ہے۔

مزید خبریں :