پاکستان
Time 15 دسمبر ، 2017

’ملک کی سب سے بڑی عدالت نے مجھے تلاشی کے بعد بری کیا‘

فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کو کرپشن پر نہیں بلکہ تکنیکی بنیاد پر نااہل قرار دیا ہے اور وہ اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایک منشیات فروش نے مقدمہ دائر کیا کیونکہ ایک منی لانڈرر کو مقدمے کے لیے ایک منشیات فروش ہی مل سکتا تھا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ایک سال تک سپریم کورٹ میں میرا مقدمہ چلا اور مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے مجھے تلاشی کے بعد بری کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر کرپٹ لوگ سپریم کورٹ کے باہر کھڑے ہو کر مجھے گالیاں دیتے، ان لوگوں نے ایسا تاثر دیا کہ میں بھی ادھر ہی کھڑا ہوں جہاں میں نواز شریف کھڑے ہیں حالانکہ نواز شریف اس غریب قوم کے 300 ارب ڈالر بیرون ملک لے کر گئے۔

چیرمین تحریک انصاف نے جہانگیر ترین کی نااہلی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں تکنیکی بنیاد پر نااہل قرار دیا، کیونکہ ان کی آف شور کمپنی کے ٹرسٹی ان کے بیٹے تھے اور اس کمپنی سے جہانگیر ترین کو کوئی معاشی فوائد حاصل نہیں ہونے تھے۔

عمران خان نے کہا مجھے جہانگیر ترین پر پورا اعتماد ہے اور وہ پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شخص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس دیتے ہیں ان کا چوروں کے ساتھ موازنہ کرنا بھی جرم ہے۔

مزید خبریں :