Time 25 دسمبر ، 2017
پاکستان

کراچی: اساتذہ کے احتجاجی مارچ پر پولیس کا لاٹھی چارج

گزشتہ دنوں بھی اساتذہ کے احتجاج پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا: اسکرین گریب/ جیونیوز

کراچی: این ٹی ایس پاس کنٹریکٹ اساتذہ کے احتجاج کے دوران پولیس نے اساتذہ پر لاٹھی چارج کردیا۔

گزشتہ دنوں بھی این ٹی ایس پاس اساتذہ نے ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا تھا جہاں پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ڈی سی ساؤتھ سے مذاکرات کےبعد اساتذہ منتشر ہوگئے تھے۔

کراچی میں این ٹی ایس پاس اساتذہ نے آج ایک بار پھر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور کراچی پریس کلب سے سندھ سیکریٹریٹ تک مارچ کیا۔

اساتذہ کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کرنے پر پولیس نے انہیں جانے سے روک دیا اور لاٹھی چارج کیا۔

پولیس کی جانب سے اساتذہ پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جب کہ اس دوران دو اساتذہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

اساتذہ کے احتجاج کےباعث پریس کلب اور سندھ سیکریٹریٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

احتجاج کرنے والوں کا تعلق سندھ کے مختلف اضلاع سے ہے جن میں این ٹی ایس پاس، کانٹریکٹ یافتہ اور بھرتی ہوکر نکالے گئے اساتذہ بھی شامل ہیں۔

مظاہرین کا ایک گروہ بلاول ہاؤس کے باہر دھرنا دینا چاہتا تھا مگر پولیس ایکشن کے باعث ایسا نہ ہوسکا اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔

مزید خبریں :