پاکستان کی فضائی قوت کو افواج میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، رواں برس فضائیہ نے فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا۔
29 دسمبر ، 2017
سال 2017 بس اپنے اختتام کو ہے، رواں برس جہاں ملک کے مختلف اداروں اور شعبوں میں کامیابیاں دیکھی گئیں، وہیں پاک فضائیہ نے بھی اہم کامیابیوں کے ساتھ فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا۔
یہاں ہم 2017 میں پاک فضائیہ کی کارکردگی کا ایک جائزہ لے رہے ہیں۔
پاکستان کی فضائی قوت کو افواج میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، سال 2017 میں بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کا کردار انتہائی اہم رہا اور ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ملک دشمن عناصر کو بھاری نقصان پہنچایا۔
پاک فضائیہ کے لیے ایک اعزاز یہ بھی ہےکہ فخرِ پاکستان جے ایف 17 تھنڈر کا نیا ماڈل سال 2017 میں تکمیل کو پہنچا، پاک فضائیہ نے چین کے تعاون سے اس طیارے کا جدید ماڈل جے ایف 17 تھنڈر بی پروٹو ٹائپ تیار کیا۔
اس طیارے میں 2 پائلٹس کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ طیارے کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ ایندھن کی گنجائش میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
رواں برس پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو ترکی نے دونوں ممالک کی فضائیہ کے درمیان دفاعی تعلقات میں بہتری پر ترکش آرمڈ فورسز کا 'لیجن آف میرٹ' ایوارڈ دیا۔
سال 2017 میں ایئر پاور سینٹر فار ایکسیلنس کا قیام عمل آیا، جس کے تحت پاک فضائیہ کی پہلی کثیر القومی انسداد دہشت گردی فضائی مشقیں آپریشنل ایئربیسز میں دو ہفتے جاری رہیں۔
ان مشقوں کو 'اے سی ای ایس میٹ 2017' کا نام دیا گیا جس میں سعودی رائل ایئرفورس اور ترکش ایئرفورس کے دستوں نے خصوصی طور پر مشقوں میں حصہ لیا جبکہ 10 ممالک نے بطور مبصر شرکت کی۔
ان مشقوں کا مقصد ایئر فورسز کو حقیقی تربیتی ماحول میں جنگی تربیت اور انسداد دہشت گردی آپریشن کی زیادہ سے زیادہ حربی تیاری کو یقینی بنانا تھا۔
چین میں شاہین سکس مشقوں میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی فضائی حربی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
چین کے کورلا ایئر بیس پر جاری رہنے والی تین ہفتوں کی مشق میں پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس نے اپنے جدید لڑاکا طیاروں اور معاون آلات حرب کے ساتھ شرکت کی۔
اس موقع پر ایئر وائس مارشل حسیب پراچہ نے چینی فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے جے 11 میں پرواز بھی کی۔
سال 2017 میں پاک-چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے پاکستان اور چین کی فصائیہ نے مشترکہ ایئر شو منعقد کیا، جس کا انعقاد پی اے ایف بیس سمنگلی پر کیا گیا۔
ایئر شو کے دوران پاک فضائیہ کے ایف 7 پی جی اور چینی ایئرفورس کے جے ایف 10 طیاروں نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’رائل ایئر فورس‘ کی ریڈ ایروز ٹیم نے اسکوارڈن لیڈر ڈیوڈ کی قیادت میں کراچی کی فضاؤں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں اور جدید طیاروں نے دبئی ایئر شو میں دنیا کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
اسی سال پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ایوی ایشن سٹی اور ایئر یونیورسٹی ایرو اسپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔
اس منصوبے کا مرکز ایئر یونیورسٹی ایرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس ہوگا، جس میں تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس کا اہم جزو ایوی ایشن ریسرچ اینڈ انڈی جینائزیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ ہے، جو مختلف شعبہ جات میں تحقیق کا کام کرے گا۔
رواں برس پاکستان ایئر فورس نے تاریخ ساز سنگ میل عبور کرتے ہوئے نئے اہم دفاعی ایئر بیس بھولاری کو بھی تکمیل تک پہنچایا جب کہ اس بیس کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظ کے لئے کلیدی قرار دیا جارہا ہے۔
بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 25 دسمبر کو بھولاری بیس کا افتتاح کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پاکستان ایئربیس بھولاری، پاک فضائیہ کے زمینی اور سمندری حدود کی دفاعی حکمت عملی اور استعداد کار میں اضافے کے سلسلے میں اہم پروجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔
'اس بیس کے قیام سے پاک فضائیہ اب بہتر طور پر زمینی آپریشنز میں پاک آرمی کا ساتھ دے سکتی ہے۔ مزید برآں، پاک بحریہ کے سمندری آپریشنز کے دوران پی اے ایف بیس بھولاری بلاواسطہ مدد بھی فراہم کرسکے گا'۔