پاکستان
Time 13 نومبر ، 2017

15 ویں دبئی ایئرشو کا آغاز، پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی دھوم

دبئی: پانچ روزہ دبئی ایئر شو کا آغاز ہوگیا، جس کے دوران جنگی، دفاعی طیاروں اور سول ایئر کرافٹ کی بہت بڑی رینج کی نمائش کی جارہی ہے۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اتوار (12 نومبر) کو دبئی ورلڈ سینٹرل (ڈی ڈبلیو سی) میں المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 15 ویں دبئی ایئرشو کا افتتاح کیا۔

ان کے ہمراہ ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم بھی تھے۔

ایئرشو میں 160 سے زائد طیارے رکھے گئے ہیں، جن میں روسی ساختہ دفاعی جنگی طیارے ، یورو فائٹر ٹائیفون ٹوئن انجن فائٹر، جاپان کا کاواساکی سی 2، یوکرین کا میڈیم رینج ٹرانسپورٹ طیارہ اور ایئر بس کی وسیع رینج بھی شامل ہے۔

دوسری جانب چین اور پاکستان کے جے ایف تھنڈر فائٹرز سمیت کئی طیارے بھی دبئی ایئر شو میں شامل ہیں۔

دبئی ایئر شو کے دوران فضاؤں میں پاکستانی طیارے جے ایف 17 تھنڈر کی گونج نے حاضرین کا لہوگرما دیا اور پاکستانی پائلٹس کی مہارت دیکھ کر حاضرین حیران ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

 ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ دبئی ایئر شو میں ونگ کمانڈر یاسر مدثر نے  جے ایف17 تھنڈر اڑاتے ہوئے فضا میں مسل کلائمب، تھنڈر ٹرن اور ہلکی اسپیڈ میں کرتب دکھائے۔

وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور چئیرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ ایئر مارشل احمر شہزاد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ 

دبئی ایئر شومیں پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر کےعلاوہ سپر مشاق طیارے بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔

پاکستانی پویلین پر آنے والا ایک شخص جے ایف 17 تھنڈر دیکھتے ہوئے—۔فوٹو/ رائٹرز



مزید خبریں :