پاکستان

کراچی: سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے خواتین سمیت 19 افراد زخمی

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں سالِ نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔

 فائرنگ کے نتیجے میں لوگوں کے زخمی ہونے کے سب سے زیادہ واقعات ناظم آباد میں پیش آئے۔

ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سالِ نو کا جشن منانے کے لیے سی ویو جانے والوں کے لیے سڑکوں سے فوری رکاوٹیں ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، شہری سالِ نو پر دوسروں کی خوشی کا بھی خیال ضرور رکھیں۔

8 ملزمان گرفتار

دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں سے مختلف واقعات میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

عزیز آباد میں پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران گاڑی سے بھاری مقدار میں پٹاخے اور آتش گیر سامان برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

گارڈن میں پولیس نے 4 اسٹریٹ کرمنلز کو پستول اور چھینے گئے موبائل فون سمیت گرفتار کرلیا، جبکہ اورنگی کے علاقے میں پولیس نے تین ملزمان کو غیر قانونی اسلحے اور منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔

سپر ہائی پر ٹریفک جام

سپر ہائی وےکے دونوں ٹریکس پر بدترین ٹریفک جام ہے اور شہری گذشتہ 10 گھنٹے سے وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔

شہریوں کو سپرہائی وے پر بدترین ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا—۔فوٹو/ جیو نیوز اسکرین گریب

واضح رہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد نئے سال کاجشن منانے نکلی تھی لیکن مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹریفک کو رواں کرنے کے لیے ایف ڈبلیو او سے آرمی کے جوان اور موٹروے پولیس کے اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں اور حکمت عملی کے ساتھ ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کو نکالا جا رہا ہے۔

سالِ نو کا آغاز

دنیا کے مختلف ممالک سمیت پاکستان میں سال 2018 کا آغاز ہوگیا ہے، جس کی آمد پر ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

بحریہ ٹاؤن کے تحت کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ ڈانسنگ فاؤنٹین اور میوزیکل شو کا بھی انعقاد کیا گیا۔

تاہم کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے منعقدہ آتش بازی کے مظاہرے کو دیکھنے کے لیے جانے والے شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

مزید خبریں :