’پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 10 ہزار 374 ارب کا نقصان ہوا‘


حکومت پاکستان نے گزشتہ 16 سالوں میں ملک کو دہشت گردی کے خلاف ہونے والے مالی نقصان کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے جس کے مطابق اس جنگ میں پاکستان کو 10374 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان مخالف بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں حکام کو بتایا گیا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گزشتہ 16 سالوں کے دوران 10374 ارب روپے کا مالی نقصان ہوا۔

حکومت کی جانب سے جمع کی گئی دستاویزات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث پاکستان کو ٹیکس وصولی کے نظام میں 5320 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

اسی طرح بیرونی سرمایہ کاری میں بھی 1995 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی جب کہ پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو 928 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

دستاویزات کے مطابق نجکاری کی مد میں پاکستان کو 262 ارب روپے کا خسارہ اٹھانا پڑا جبکہ غیر یقینی صورت حال کے باعث 15 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان سال 11-2010 میں 2037 ارب روپے کا ہوا جبکہ 10-2009 میں پاکستان کو 1136 ارب روپے کا نقصان ہوا اور اسی طرح 13-2012 میں پاکستان کو 1964 ارب روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ سال 2018 کے آغاز پر امریکی صدر  نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں ہی پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اس کے اگلے ہی روز وائٹ ہاؤس نے پاکستان کو امداد کی فراہمی روکنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :