Time 04 جنوری ، 2018
پاکستان

سابق گورنر سندھ عشرت العباد کرپشن کی ماں ہیں، مصطفیٰ کمال


پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد کرپشن کی ماں ہیں اور ان کا نام ’’رشوت العباد‘‘ ہونا چاہئیے۔

مصطفیٰ کمال نے اپنی پارٹی کے ہیڈکوارٹر پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشرت العباد نے اپنی گورنری بچانے کے لیے مہاجروں کا سودا کیا۔

کراچی کے سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے عشرت العباد پر ملک کو تباہی کے دہانی پر پہنچانے کا بھی الزام عائد کیا۔

انہوں نے ایک بار پھر یہ الزام عائد کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کارکن ایم کیو ایم کے بانی کے لیے کام کررہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گزشتہ 25 سے 30 سالوں میں کراچی کے نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا، بانی متحدہ نے نوجوانوں کو غلط راستہ دکھایا۔

خیال رہے کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے اپنے تفصیلی انٹرویو میں اپنے دور میں پیش آنے والے اہم واقعات کی تفصیلات بتائی ہیں جس کے بعد مصطفیٰ کمال نے ان پر دوبارہ تنقید شروع کردی ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اس سے قبل بھی ڈاکٹر عشرت العباد پر کرپشن سے لے کر سازشیں کرنے تک کے سنگین الزامات لگائے تھے تاہم گورنر نے نہ صرف تمام الزامات کی تردید کی بلکہ جوابی حملہ کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ یہ مصطفی کمال کی سیاسی ناکامی کا ردعمل ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں :