Geo News
Geo News

Time 07 جنوری ، 2018
دنیا

ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد گرفتار

— فوٹو:فائل

ایرانی حکومت نے سابق صدر محمود احمدی نژاد کو عوام کو اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایران میں مہنگائی اور خراب معاشی حالات کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری تھے جو 4 جنوری کو ختم ہوئے جبکہ ان پر تشدد مظاہروں میں 22 افراد ہلاک اور سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران حکومت نے سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کو عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ محمود احمدی نژاد کو 28 دسمبر کو ’بوشہر‘ شہر میں حکومت مخالف تقریر کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

اب حکام چاہتے ہیں کہ سابق صدر محمود احمدی نژاد کو گھر میں نظر بند کردیا جائے۔

عالمی میڈیا کے مطابق محمود احمدی نژاد نے تقریر میں کہا تھا کہ بعض حالیہ رہنما لوگوں کے مسائل اور تحفظات سے غافل رہتے ہیں اور اپنے معاشرے کے حقائق کا کچھ علم نہیں رکھتے جب کہ ایران وسائل کی کمی کا نہیں بلکہ بدانتظامی کا شکار ملک ہے۔

یا درہے کہ محمود احمدی نژاد 2005 سے 2013 تک ایران کے صدر رہے ہیں جب کہ وہ 2003 میں ایران کے دارلحکومت تہران کے میئر بنے تھے۔