11 جنوری ، 2018
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو شادی کی پیشکش ان کے شوہر خاور مانیکا سے طلاق کے بعد دی۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ دو سال قبل بشریٰ بی بی سے ان کی پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی تاہم انہوں نے پردہ کیا ہوا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے آج تک بشریٰ بی بی کا چہرہ نہیں تھا، وہ پردہ کرتی ہیں اور ان کی فیملی قدامت پسند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی صرف رشتہ بھیجا ہے، بات آگے بڑھی تو وہ بتائیں گے، شادی کی پیشکش سے متعلق ان کے خاندان اور بہنوں کو بھی علم نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری عمر65 سال ہے اور صرف 10 سال کی شادی شدہ زندگی گزاری، چاہتا ہوں بقیہ زندگی پرسکون اور خوش گزاروں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں جمہوری آدمی ہوں اور اپنے فیصلے خود کرتا ہوں، کوئی مجھ سے زبردستی کام نہیں کرواسکتا۔
انہوں نے کہا کہ معرفت ایک سمندرہے، آپ اس میں جتنا گہرا چاہیں جاسکتے ہیں، بشریٰ بی بی جیسا درجہ معرفت کسی اور کا نہیں دیکھا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل دی نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان نے ایک بار پھر خفیہ شادی رچالی اور اس بار ان کی دلہن وہ خاتون ہے جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایا کرتے تھے۔
بعدازاں تحریک انصاف نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے صرف شادی کی پیشکش کی ہے، ابھی شادی نہیں کی۔
اس پر صحافی عمر چیمہ کا جیو نیوز کے پروگرام ’لیکن‘ میں کہنا تھا کہ میں 100 نہیں 200 فیصد پراعتماد ہوں کہ عمران خان نے تیسری شادی کر لی ہے اور یہ شادی بشریٰ مانیکا کے ساتھ ہوئی ہے۔
عمران خان نے پہلی شادی 16 مئی 1995 کو جمائما خان سے کی جو 9 برس بعد 22 جون 2004 کو طلاق پر ختم ہوئی۔
ان کی دوسری شادی ٹی وی اینکر ریحام خان سے ہوئی جو بمشکل 10 ماہ ہی چل سکی۔
اگرچہ عمران خان نے اس شادی کا باضابطہ اعلان 8 جنوری 2015 کو کیا تاہم ایسی اطلاعات تھیں کہ ان کا نکاح اس سے قبل نومبر 2014 کے ابتداء میں ہوا تھا۔