پاکستان
Time 12 جنوری ، 2018

قصور واقعہ پنجاب حکومت کی ناکامی ہے، خورشید شاہ

پنجاب میں اشتہاروں میں دکھائی جانے والی فورس کہاں ہے؟ اپوزیشن لیڈر کا سوال

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قصور واقعے کو پنجاب حکومت کی ناکامی قرار دے دیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے قصور واقعے پر برہمی کا اظہار کیا اور تمام صوبوں کی کارکردگی سے متعلق اعدادو شمار اسمبلی میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بتانا چاہیے کہ کس صوبے میں جرائم کی کتنی شرح ہے، جرائم کے اعدادو شمار سے واضح ہوگا کہ کون سی حکومت کتنی ناکام ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب میں تحفظ کے اقدامات دکھائے جاتے ہیں وہ کہاں ہیں؟ اشتہاروں میں دکھائی جانے والی فورس اب کہاں ہے؟

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قصور میں نہیں ہر جگہ ہے، یہ واقعہ حکومت کی ناکامی ہے، اس مسئلے کو قرارداد، وعدوں اور تقریروں تک محدود نہ کیا جائے، صرف سزا کافی نہیں، ایسے واقعات روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ایک ایس پی کو ہٹا دینا کوئی بڑی بات نہیں ہے، یہ پارلیمنٹ نتیجہ مانگے گی، ان ماں باپ کو نتیجہ دیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ قصور واقعے نے پورے ملک کو متاثر کیا ہے، جن کی بچیاں ہیں وہ تشویش میں ہیں، ہر ماں اپنی بیٹی کے ساتھ کہاں کہاں جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پانچ سال کے عرصے میں ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے لوگ اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں، حکومت بالکل ناکام رہی ہے۔

واضح رہے کہ قصور میں گزشتہ دنوں اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جس کے بعد قصور میں شدید احتجاج کیا گیا اور اس دوران پولیس کی فائرنگ سے دو افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔

چیف جسٹس پاکستان نے بھی زینب کے قتل کا از خود نوٹس لیا ہے۔


مزید خبریں :