پاکستان
Time 14 جنوری ، 2018

امریکا اور اس کے فراہم کردہ دفاعی آلات دونوں ہی ناقابل بھروسہ ہیں، رانا تنویر


لاہور: وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ امریکا اور اس کی جانب سے فراہم کیے جانے والے دفاعی آلات دونوں ہی ناقابل بھروسہ ہیں۔

اپنے آبائی حلقے شیخوپورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ امریکا قابل بھروسہ شراکت دار نہیں ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکا سے جو دفاعی ساز و سامان خریدے جاتے ہیں وہ ضرورت کے وقت کام ہی نہیں کرتے۔

رانا تنویر نے کہا کہ ’’ہماری دفاعی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے، مسلح افواج کی 80 فیصد ضروریات مقامی طور پر ہی پوری کی جارہی ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چھ سات ممالک میں سے ایک ہے جو اپنا جنگی طیارہ خود بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے انتخابات پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے لیکن وہ شادی کیے بغیر بھی سکون سے نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ انہیں ملک کو نقصان پہنچانے کا اختیار کس نے دیا ہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ انتخابات کا وقت قریب ہے اور مقابلے کے لیے میدان تیار ہے۔

مزید خبریں :