15 جنوری ، 2018
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں قصور واقعے سے متعلق ازخود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔
پنجاب کے ضلع قصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جس کی لاش 9 جنوری کو کچرا کنڈی سے ملی۔
زینب کے قتل سے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس سے 2 افراد پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔
چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت پر آئی جی پنجاب کو 36 گھنٹوں میں ملزم گرفتار کرکے رپورٹ دینے کا حکم دیا تھا لیکن ملزم گرفتار نہ ہوسکے۔
جیونیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے زینب قتل سے متعلق از خود نوٹس کیس کل سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے جس کے لیے بینچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا اور اس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور آئی جی پنجاب کونوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔