Time 18 جنوری ، 2018
پاکستان

کراچی میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کیخلاف نوجوانوں کا انوکھا احتجاج

پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہونے کے باوجود کراچی بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے جن میں پانی اور ناقص انفرااسٹرکچر نمایاں مسائل ہیں۔

کراچی کی مرکزی شاہراؤں میں ٹوٹ پھوٹ اور ان میں پڑنے والے گڑھوں کی جانب تو سندھ اور شہری حکومت کی توجہ مبذول ہوجاتی ہے تاہم مضافاتی علاقوں کی جانب جانے والی سڑکوں اور ان علاقوں میں سڑکوں کی صورتحال کا نوٹس لینا والا کوئی نظر نہیں آتا۔

یہی وجہ ہے کہ کراچی میں مختلف لوگ انفرادی یا اجمتاعی طور پر مختلف طریقوں احتجاج ریکارڈ کرواکر ان مسائل کی جانب حکومت کی توجہ دلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

ایسا ہی ایک منفرد احتجاج کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے نوجوانوں نے کیا اور سندھ حکومت کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

’’بدلیں اپنا پاکستان‘‘ کے نام سے سماجی مسائل کے حل کے لیے سرگرم نوجوانوں نے ایک ویڈیو میں سرجانی ٹاؤن میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی جانب توجہ دلائی ہے۔

نوجوانوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کے مشکور ہیں جنہوں نے کراچی کے شہریوں کو ہر جگہ تالاب کا تحفہ دیا ہے۔

ویڈیو میں نوجوانوں نے کاغذ سے بنی کشتیاں سڑک کے درمیان موجود پانی میں چھوڑیں اور کہا کہ اس سڑک پر بسیں اور گاڑیاں تو چل نہیں سکتیں لہٰذا وہ یہاں کشتیاں چھوڑ رہے ہیں۔

کاغذ سے بنی کشتیوں پر ’’شکریہ سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ بہت خوب کے الفاظ لکھے ہوئے ہیں‘‘۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سماجی کارکن عالمگیر خان بھی مختلف طریقوں سے سندھ حکومت کی توجہ مختلف مسائل کی جانب مبذول کرانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں اور ان کی اس مہم کا نام ’’فکس اِٹ‘‘ ہے۔



مزید خبریں :