نقیب اللہ بے گناہ قرار، تحقیقاتی کمیٹی کی راؤ انوار کو گرفتار کرنے کی سفارش


کراچی: ماورائے عدالت قتل کیے گئے نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے معاملے پر قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے راؤ انوار کے الزامات مسترد کرتے ہوئے مقتول کو بے گناہ قرار دیا ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو ابتدائی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ نقیب کے دہشت گرد ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق راؤ انوار نے نقیب کے غیر شادی شدہ ہونے کا غلط دعویٰ کیا اور دیگر دعوے بھی غلط ثابت ہورہے ہیں۔ راؤ انوار کی نقیب کے خلاف 2014 کی ایف آئی آر بھی بوگس ہے۔

راؤ انوار، دیگر اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنےکی سفارش

ادھر ایس ایس پی ملیر کے خلاف تحقیقاتی رپورٹ حکومت سندھ کو ارسال کردی گئی ہے جس میں راؤ انوار اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنےکی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں راؤ انوار کو عہدے سے ہٹانے، گرفتار کرنے اور ان کا نام ای سی ایل میں بھی ڈالنے کی سفارش کی گئی۔

’تحقیقات میں کوئی دباؤ نہیں‘

اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور معاملے پر بننے والی کمیٹی کے سربراہ ثناء اللہ عباسی نے کہا تھا کہ واقعے کی تحقیقات میں ان پر کوئی دباؤ نہیں اور نہ کسی میں اتنی جرات ہے کہ انہیں دباؤ میں لائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پارٹی سے تحقیقات کی گئیں اور ان کی ٹیم اس سلسلے میں جیل بھی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات میرٹ پر ہورہی ہیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

پولیس پر معاملے میں دباؤ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں اور نہ ہی کسی میں ایسا کرنے کی جرات ہے، ہم ضمیر کے ملازم ہیں، سندھ پولیس کسی بھی کیس کی تحقیقات میں آزاد ہے۔

اس سے قبل راؤ انوار نے کمیٹی کے رکن پر اعتراض کیا تھا۔

چیف جسٹس کا نوٹس

جمعے کے روز چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کا ازخود نوٹس لیا۔

چیف جسٹس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ سے 7 روز میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

نقیب اللہ کی ہلاکت

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار نے 13 جنوری کو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

ان میں مبینہ طور پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والا نقیب اللہ بھی شامل تھا۔

راؤ انوار کا دعویٰ تھا کہ نقیب اللہ جیل توڑنے، صوبیدار کے قتل اور ایئرپورٹ حملے میں ملوث مولوی اسحاق کا قریبی ساتھی تھا۔

تاہم نقیب اللہ کے رشتے داروں اور دوستوں نے راؤ انوار کے پولیس مقابلے کو 'جعلی' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مقتول کاروبار کے سلسلے میں کراچی آیا تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں نقیب اللہ کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ 'مقتول ایک سال قبل جنوبی وزیرستان سے کراچی آیا تھا، اس کی الآصف اسکوائر پر کپڑے کی دکان تھی اور وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں تھا'۔

واضح رہے کہ راؤ انوار کو 'انکاؤنٹر اسپیشلسٹ' کے نام سے جانا جاتا ہے، جو اس سے قبل بھی متعدد مبینہ پولیس مقابلوں میں کئی افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :