26 جنوری ، 2018
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کی کڑی نگرانی کے لیے 2 انٹیگریٹی آفیسر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
انٹیگریٹی آفیسر کی عارضی تعیناتی کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے، جس کے لیے پی سی بی کی جانب سے اخبارات میں اشتہار بھی دیا جاچکا ہے۔
اشتہار کے مطابق انٹیگریٹی آفیسر کے لیے ریٹائرڈ آرمی افسران کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ اس سلسلے میں انٹیلی جنس کا کورس کرنے والوں کو بھی فوقیت دینے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن ٹو میں اسپاٹ فکسنگ کیس سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم انٹیگریٹی آفیسرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ بھی اپنی نگرانی معمول کے مطابق جاری رکھےگا۔
پی ایس ایل سیزن تھری کا آغاز اگلے ماہ 22 فروری سے ہوگا، جس کے میچز متحدہ عرب امارات، لاہور اور کراچی میں کھیلےجائیں گے۔