31 جنوری ، 2018
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے 2014 میں اسلام آباد دھرنے کے دوران قائم کیے گئے 4 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملوں اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد سمیت چار مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے ملزم شاہ محمود قریشی کو پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 8 فروری تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
واضح رہے کہ 2014 میں اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے وقت پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف چار مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی حملہ، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت جونیجو تشدد کیس شامل ہے۔
عمران خان کی ان چاروں مقدمات میں ضمانت پہلے ہی منظور ہوچکی ہے جبکہ اسد عمر، شفقت محمود اور شیریں مزاری بھی عبوری ضمانت پر ہیں۔