Time 16 فروری ، 2018
پاکستان

منشیات کی ڈیلیوری کیلئے آن لائن ٹیکسی سروس کے استعمال کا انکشاف

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں منشیات کی ہوم ڈیلیوری کے دوران پکڑے جانے کے خوف سے ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس استعمال کرتے تھے، ملزمان نے پکڑی گئی کار بھی ٹیکسی سروس کے ساتھ رجسٹرڈ کر رکھی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان ایسا ڈیلیوری کا محفوظ بنانے کے لیے کرتے تھے۔

پولیس تفتیش کے مطابق ملزم عثمان شکیل نے اپنی کار نمبر اے ایل اے-951 ٹیکسی سروس کے نام پر رجسٹرڈ کرا رکھی تھی، جس کا مقصد چیکنگ کے دوران گروہ کے پکڑے جانے کی صورت میں خود کو بچانا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزمہ ایک ڈیلیوری کے دوران رائیڈ مہوش آگسٹن عرف سونیا کے نام پر بک ہوتی تھی تو تھوڑی دیر بعد وہی گاڑی اس کے دوسرے ساتھی کے نام بک ہوجاتی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس ٹیکنیک کا مقصد ملزم عثمان کے منشیات کے دھندے کے ساتھ ساتھ ٹیکسی سروس سے بھی زیادہ سے زیادہ کمائی کرنا تھا کیونکہ سپلائی کے دوران رائیڈز زیادہ سے زیادہ بک کرنے سے آن لائن ٹیکسی سروس کا ٹارگٹ بھی پورا ہوتا تھا۔ آن لائن ٹیکسی بک ہونے کی وجہ سے چیکنگ کے دوران پکڑے جانے کا خوف کم تھا۔

ملزمان کا کہنا ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس آن لائن ٹیکسی سروس کی تلاشی کم لیتی ہے۔

پولیس کے مطابق عدالتی حکم پر ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان سے تفتیش مکمل نہ کی جاسکی تاہم ملزمان سے کی گئی ابتدائی تفتیش کی روشنی میں ملزمان کی نشاندہی پر ساؤتھ پولیس کی بھاری نفری نے ڈرگ روڈ میں منشیات کی سپلائی کے بڑے اڈے پر چھاپہ مارا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

مزید خبریں :