پاکستان
Time 19 فروری ، 2018

بشریٰ بی بی کی عدت 14 فروری کو پوری ہونے کے بعد نکاح ہوا، دوست کٰا دعویٰ


عمران خان کی تیسری اہلیہ بشری وٹو المعروف پنکی بی بی کی دوست فرح خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دوست کی عدت 14 فروری کو پوری ہوئی اور نکاح 18 فروری کو ہوا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فرح خان نے بتایا کہ اگر عمران خان نے شادی کی ہے تو یہ اچھی چیز ہے، یہ ان کا حق ہے اور نکاح کی تقریب بہت سادگی سے لاہور میں ہوئی۔

فرح خان نے بتایا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کی والدہ کو باقاعدہ رشتہ بھیجا تھا اور نکاح کی تقریب میں بشریٰ کی والدہ، بھائی اور قریبی رشتہ دار شامل تھے۔

میڈیا کے حوالے سے یکم جنوری کو عمران خان کی بشریٰ بی بی کے ساتھ شادی کے حوالے سے فرح خان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ جب بشریٰ بی بی کی عدت ہی 14 فروری کو پوری ہوئی تو اس سے پہلے شادی کیسے ہو سکتی ہے۔

فرح خان نے بتایا کہ عمران خان رشتہ پہلے سے بھیج رکھا تھا اور بشریٰ کی عدت پوری ہونے کے بعد 18 فروری کو دونوں کا رشتہ ہوا اور آج بشریٰ رخصتی کے بعد بنی گالہ میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اس حوالے سے بالکل غلط خبر چلا رہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ وٹو کی شادی یکم جنوری کو ہوئی تھی۔

’نا فرح خان بدلی، نا نکاح خواں بدلہ اور نا ہی گواہان بدلے‘

دوسری جانب دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ نے اس پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ فرح خان کا اپنا مؤقف ہو سکتا ہے لیکن میں غیب کا علم تو نہیں رکھتا کہ میں نے اپنی رپورٹ میں جن لوگوں کا تذکرہ کیا تھا وہ سب وہی ہیں یعنی نا فرح خان بدلی، نا نکاح خواں بدلا اور نا ہی گواہان بدلے۔

عمر چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی عدت ختم ہونے سے پہلے ہی ان کا عمران خان کے ساتھ نکاح ہوا۔

دی نیوز کے رپورٹر نے بتایا کہ فرح خان اور خود عمران خان نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے عدت پوری ہونے سے قبل رشتہ بھجوایا تھا تو شرعی لحاظ سے تو عدت پوری ہونے سے پہلے رشتہ بھی نہیں بھجوایا جا سکتا بہرحال اس حوالے سے ٹھیک وضاحت تو علمائے کرام ہی کر سکتے ہیں۔

عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ میں آج بھی اپنی رپورٹ پر قائم ہوں کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی یکم جنوری کو ہوئی اور اگر ہماری خبر غلط تھی تو نکاح خواں مفتی سعید تو تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن ہیں، وہ تو اپنی پارٹی کے دفاع میں آ کر بیان دے سکتے تھے لیکن انہوں نے آج تک اس کی تردید نہیں کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان شادی کی تصدیق کی گئی تھی اور ساتھ ہی نکاح کی تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں۔

مزید خبریں :