پاکستان
Time 23 فروری ، 2018

اے ٹی سی مقدمات: عمران خان کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی حملہ سمیت چار مقدمات میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف چار مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف ان کیسز میں پولیس کو بیان ریکارڈ کراچکے ہیں اور عدالت نے چاروں مقدمات میں انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔

عمران خان نے گزشتہ روز اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں عدالت سے نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی استدعا کی تھی اور مؤقف اختیار کیا کہ حاضری سے استثنا دینا عدالت کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ ٹھوس وجوہات پر استثنا مل سکتا ہے، اہم تاریخوں پر درخواست گزار عدالتی حکم پر پیش ہونے کے لیے تیار ہے۔

جمعہ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے درخواست پر سماعت کی اور عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 26 فروری کو طلب کررکھا ہے، اسی روز ہی اس درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :